بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی دالبندین اور کوئٹہ میں کارروائیاں ، ریسٹورنٹس و دودھ فروشوں پر جرمانے – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی دالبندین اور کوئٹہ میں کارروائیاں ، ریسٹورنٹس و دودھ فروشوں پر جرمانے

کوئٹہ :بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے)نے صوبے میں غیر معیاری اور مضر صحت اشیا خوردونوش کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے دالبندین اور کوئٹہ میں مختلف فوڈ آٹ لیٹس اور دودھ فروشوں کے خلاف ایکشن لیا ہے۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق دالبندین میں بی ایف اے کی زونل انسپیکشن ٹیم نے مرکزی بازار اور شہر کے مختلف مضافاتی علاقوں میں قائم اشیا خوردونوش کے مراکز کی چیکنگ کی۔ معائنے کے دوران صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال، ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے، کھلے کوڑے دان، کچن ایریا میں گندگی اور مکھیوں کی بھرمار، اشیا کی تیاری میں مضر صحت رنگوں کے استعمال، زنگ آلود ریفریجریٹرز، آٹے کے پیڑوں کا مقررہ وزن سے کم ہونا اور تیار شدہ اشیا کی نامناسب اسٹوریج جیسے نقائص سامنے آئے۔ ان خلاف ورزیوں پر دو ریسٹورنٹس اور ایک نان شاپ کو جرمانہ کیا گیا جبکہ چھ مراکز کو معمولی نقائص پر اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔دوسری جانب بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی موبائل ملک سیفٹی ٹیمیں دودھ، دہی اور دیگر ڈیری مصنوعات میں ملاوٹ کے خاتمے کیلئے بھی متحرک ہیں۔ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں انسپیکشن کے دوران چھ دودھ فروشوں پر جرمانے عائد کیے گئے۔ حکام کے مطابق یہ جرمانے دودھ میں ملاوٹ، دکانوں میں صفائی کے ناقص انتظامات اور دودھ و دہی کی غیر مناسب اسٹوریج پر کیے گئے۔کارروائی کے دوران دکانداروں کو حفظان صحت کے اصولوں پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ اس سے قبل سریاب، کلی برات اور ترین روڈ میں قائم ملک شاپس کا معائنہ کیا گیا جبکہ دودھ بردار گاڑیوں سے بھی نمونے لے کر موبائل لیبارٹری کے ذریعے موقع پر ہی ٹیسٹ کیے گئے۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ ملاوٹ کے خاتمے اور شہریوں کو خالص و معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے صوبہ بھر میں اس نوعیت کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.