وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ان دس ممالک میں شامل ہے، جہاں پر کلاؤڈ برسٹ جیسی آفات آئندہ بھی آتی رہیں گی، چنانچہ اس کے لیے ہمیں تیاری کرنی ہے۔
گلگت بلتستان کے سیلاب زدگان میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کابینہ ارکان کے ساتھ گلگت بلتستان میں متاثر افراد سے اظہارہمدردی کیلئے آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ سے تیز بارشیں اور طغیانی آئی، بارشوں اور سیلاب سے کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے اور املاک کو نقصان پہنچا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہوں، آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ جب تک آپ اپنے گھروں میں دوبارہ آباد نہیں ہوجاتے ہیں میں یہاں پر آتا رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ان دس ممالک میں شامل ہے، جہاں پر یہ آفات آئندہ بھی آتی رہیں گی، چنانچہ اس کے لیے ہمیں تیاری کرنی ہے، وفاقی حکومت اور گلگت بلتستان کی حکومت نے اس پر شبانہ روز کام کرنا ہے۔