چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ 96 گھنٹوں پر مشتمل حالیہ تنازع کے دوران پاکستان نے مکمل طور پر اپنی اندرونی صلاحیتوں پر انحصار کیا، کسی بھی بیرونی مدد کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی اور نہ ہی کوئی مدد حاصل کی گئی۔
برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کو انٹرویو میں جنرل ساحر شمشاد نے ان اطلاعات کو مسترد کر دیا کہ دوست ممالک، چین نے سیٹلائٹ انٹیلی جنس سمیت کوئی خارجی معاونت فراہم کی۔
ان کا کہنا تھا کہ جو سازوسامان ہم نے استعمال کیا وہ یا تو ملک میں تیار کیا گیا تھا یا پہلے سے حاصل شدہ تھا، لیکن ریئل ٹائم میں جو کچھ استعمال ہوا وہ صرف پاکستان کی اپنی صلاحیت تھی۔
انہوں نے بھارت کے ساتھ 96 گھنٹوں پر محیط جھڑپ کو مکمل طور پر پاکستان کی اپنی قوت سے نمٹنے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ ہم نے مکمل تنازع اپنے وسائل سے لڑا، کہیں سے کوئی مدد نہیں آئی۔