پاکستان کا خوراک کا درآمدی بل رواں مالی سال کے پہلے 10 مہینوں کے دوران تقریباً 7 ارب ڈالر تک بڑھ گیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 6 ارب 82 کروڑ ڈالر تھا۔ یہ اضافہ بنیادی طور پر ملکی طلب کو پورا کرنے کے لیے خوردنی تیل، چائے اور چینی کی زیادہ درآمدات کی وجہ سے ہوا۔
پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق درآمد شدہ غذائی اشیاء میں پام آئل کا سب سے بڑا حصہ ہے، اس کے بعد دالیں، چائے، سویا بین آئل اور چینی کا نمبر آتا ہے۔
پام آئل کی درآمدات کی مالیت جولائی تا اپریل مالی سال 25 کے دوران 2 ارب 87 کروڑ تک پہنچ گئی، جو کہ ایک سال قبل 2 ارب 30 کروڑ ڈالر تھی، جو 24.78 فیصد کی نمو کو ظاہر کرتی ہے۔ بڑھتی ہوئی گھریلو کھپت کے جواب میں، پاکستان نے اس عرصے کے دوران 91 کروڑ 70 لاکھ 89 ہزار ڈالر مالیت کی دالیں درآمد کیں جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 68 کروڑ 70 لاکھ 74 ہزار ڈالر کے مقابلے میں 33.5 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔
دیگر تمام اشیائے خوردونوش کا درآمدی بل 10 ماہ کی مدت میں 0.54 فیصد بڑھ کر 1 ارب 84 کروڑ 1 لاکھ ڈالر ہو گیا جو ایک سال پہلے 1 ارب 83 کروڑ 1 لاکھ ڈالر تھا۔ جائزہ لینے والے مہینوں کے دوران چائے کی درآمدات میں 5.13 فیصد کی معمولی کمی واقع ہوئی، جس کی قیمت 54 کروڑ 70 لاکھ 43 ہزار ڈالر سے کم ہو کر 51 کروڑ 90 لاکھ 37 ہزار ڈالر رہ گئی۔