Daily Mashriq
Mashriq Newspaper

قومی اقتصادی کونسل نے مالی سال 2026-2027 کے بجٹ کی منظوری دے دی

قومی اقتصادی کونسل نے 4 نکاتی ایجنڈے اور مالی سال 2026-2027 کے لیے قومی ترقیاتی بجٹ کیلئے 3669 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل (NEC) کا اجلاس ہوا۔ شرکا سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی اکائیوں کے درمیان اسی یکجہتی اور تعاون کے جذبے سے ملک ترقی کرے گا، ملک میں معاشی استحکام کیلئے کوششوں پر وزیراعظم کی معاشی ٹیم کی کارکردگی کی پزیرائی کی۔

اجلاس کے شرکاء نے خلیج میں حالیہ کشیدگی سے عالمی معیشت میں منفی اثرات کے باوجود پاکستانی معیشت کو مستحکم رکھنے اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔

شرکا نے ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی ملک کو درپیش بڑے چیلنجز میں سے ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بہترین صحت کے نظام کے ذریعے بیماریوں کے بڑھتے بوجھ میں کمی، بچوں کی صحت بالخصوص Stunting کا خاتمہ، اسکول سے باہر بچوں کو تعلیم کی فراہمی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا قومی ترجیحات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو فنی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنے کی حکمت عملی پر کار بند ہیں برآمدات پر مبنی معیشت ترقی کیلئے اولین ترجیح ہے، وفاق اور صوبوں کے ترقیاتی منصوبوں میں ہم آہنگی پیدا کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو قومی ترجیحات اور پائیدار معاشی اہداف کے مطابق ترتیب دیا جائے، مشترکہ قومی کاوشوں سے پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور معاشی خود انحصاری کی منزل تک پہنچائیں گے۔

اجلاس میں قومی اقتصادی کونسل کے 4 نکاتی ایجنڈے کی اتفاق رائے سے منظوری دی گئی جبکہ شرکا کو مالی سال کے لیے معیشت کی کارکردگی کے حوالےسے نظر ثانی شدہ اعشاریے پیش کئے گئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مالی سال 2025-2026 میں وفاقی پی ایس ڈی پی پر 820 ارب، صوبوں کے سالانہ ترقیاتی منصوبوں پر 2938 ارب اور ایس او ایز پروگرام پر 355 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس نے مالی سال 2026-2027 کے لیے قومی ترقیاتی بجٹ کیلئے 3669 ارب روپے مختص کرنے بھی منظوری دے دی، اس کے علاوہ قومی اقتصادی کونسل نے وفاقی پی ایس ڈی پی کے لیے ایک ہزار ارب، صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 2218 ارب روپے اور ایس او ایز کے لیے 451 روپے مختص کرنے کی منظوری دی.

قومی اقتصادی کونسل نے 2025-2026 کیلئے مجموعی قومی پیداوار کی 3.7 فیصد شرح نمو اور اگلے مالی سال کیلئے 4 فیصد شرح نمو کی منظوری دے دی۔ اعلامیے کے مطابق اقتصادی کونسل نے متعلقہ وزارتوں، صوبوں اور سرکاری اداروں کو ہدایت کی کہ مجوزہ سالانہ پلان 2027-2026 کے اہداف کے حصول کے لئے وزارت منصوبہ بندی کے ساتھ مل کر کام کریں۔

اجلاس کو اپریل 2025 سے مارچ 2026 تک CDWP اور ECNEC کی کارکردگی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی اور بتایا گیا کہ اس عرصے کے دوران CDWP نے 316 ارب روپے کی 116 اسکیموں جب کہ ECNEC نے 5.117 کھرب روپے کی 72 سکیموں کی منظوری دی۔

اجلاس کو 2025-26 کے میگا منصوبوں کی نگرانی اور جائزے کی رپورٹ بھی پیش کی گئ اجلاس کو بتایا گیا کہ جائزے اور نگرانی کی نئی پالیسی بھی تشکیل دی جا چکی ہے جس میں ترقیاتی منصوبوں کی اے آئی کے ذریعے بھی جانچ پڑتال کا پائلٹ منصوبہ شامل ہے۔

قومی اقتصادی کونسل نے اڑان پاکستان کے تحت قومی اقتصادی ترقی کے 11 مشنز کی منظوری دی۔ وزارت منصوبہ بندی و ترقی کو ان مشنز کی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں سے ملکر روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کے تمام نکات کی اتفاق رائے سے منظوری پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قومی امور پر اسی طرح اتفاق رائے سے فیڈریشن مزید مضبوط ہوگا اور اتفاق و اتحاد کا یہی جذبہ پاکستان کے روشن مستقبل کی ضامن ہے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر منصوبہ بندی ڈاکٹر احسن اقبال، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کے ساتھ ساتھ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی، وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب سرفراز بگٹی، پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور قومی اقتصادی کونسل کے دیگر ارکان شریک تھے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More