بھارت کی مغربی ریاست گجرات میں مون سون سے قبل ہونے والی موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں گزشتہ 2 روز کے دوران کم از کم 14 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ٹیلی ویژن پر دکھائے جانے والے مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیز ہوائیں چلنے سے کئی درخت گر گئے، اور فصلوں کو بھی نقصان پہنچا، آسمانی بجلی گرنے اور گرج چمک کے باعث کئی اضلاع متاثر ہوئے۔
بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے بیشتر علاقوں میں بے موسمی بارش کی وجہ پاکستان کے ہمسایہ علاقوں اور بھارت کی ریاست راجستھان میں سمندری طوفان ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے جمعرات تک گجرات بھر میں مزید بارش، گرج چمک، آسمانی بجلی گرنے اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی ہے۔