سندھ طاس معاہدے کی معطلی انسانیت کے خلاف جرم ہے، بلاول بھٹو زرداری – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

سندھ طاس معاہدے کی معطلی انسانیت کے خلاف جرم ہے، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی انسانیت کے خلاف جرم ہے، پاکستان دہشت گردی برآمد نہیں کر رہا بلکہ خود دہشت گردی کا شکار ہے، بھارتی حکومت غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہے، پاکستان قومی نے ڈر کر جینا نہیں سیکھا۔

قومی اسمبلی میں پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارتی جارحیت کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد مقتولین کا خون جمنے سے قبل ہی بھارت نے پاکستان پر الزام تراشی شروع کردی، سرحدیں بند کردیں اور نتائج سے دھمکانا شروع کردیا۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان عوام اور دنیا کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستان کا اس جرم میں کوئی ہاتھ نہیں ہے، ہم دہشت گردی برآمد نہیں کر رہے بلکہ ہم خود دہشت گردی کا شکار ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشت گردی صرف جسموں پر حملے کا نام نہیں ہے، یہ سچ، امن اور تہذیب پر حملہ ہے، دہشت گردی کسی مارکیٹ میں بم دھماکے یا فائرنگ کرنے کا نام نہیں ہے، بڑھتی ناانصافی پر عالمی خاموشی دہشت گردی ہے، مظلوم کی گردن کو بوٹوں سے دبانے کا نام دہشت گردی ہے، بلڈوزر کے ذریعے گھر کو تاریکی میں بدلنا دہشت گردی ہے، دہشت گردی وہ کرفیو ہے جو گھنٹوں نہیں بلکہ دہائیوں پر محیط ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کے خلاف لڑنے کا دعویدار ہے مگر ہم پوچھتے ہیں کہ آپ دہشت گردی سے کیسے لڑ رہے ہیں جب آپ خود کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے مرتکب ہو، جب آپ مقبوضہ وادی میں خود روزانہ قانون توڑ رہے ہوں تو پھر قانون کی بات کرنا آپ کو زیب نہیں دیتا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.