پہلگام واقعے کے بعد بھارتی جارحیت پر پاکستان کی بہترین سفارت کاری کی بدولت بھارت کو عالمی سفارتی محاذ پر ہزیمت کا سامنا ہے اور عالمی برادری پاک بھارت جنگ پر اس کا موقف قبول کرنے کو تیار نہیں۔
حال ہی میں بھارتی وفد کو کولمبیا میں بھی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، جب کولمبیا کی حکومت نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں پاکستانی شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔
بھارتی روزنامےکے مطابق کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے کہا ہے کہ بھارت کولمبیا کی حکومت سے اس بات پر مایوس ہے کہ اس نے پہلگام حملے کے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرنے کے بجائے، آپریشن سیندور کے دوران پاکستان میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ، جو کولمبیا میں کثیر الجماعتی وفد کی قیادت کر رہے تھے، نے گذشتہ روز کہا کہ ہم کولمبیا کی حکومت کے ردعمل سے تھوڑا مایوس ہوئے، جس نے بظاہر بھارتی حملوں کے بعد پاکستان میں ہونے والے جانی نقصان پر دلی افسوس کا اظہار کیا، بجائے اس کے کہ دہشت گردی کے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتی۔