کوئٹہ گیس لیکیج کے باعث دھماکہ، ایک شخص جھلس کر زخمی، برن یونٹ منتقل۔
کوئٹہ / صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گیس لیکیج کے باعث گھر میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جھلس کر زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ کے برن یونٹ منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق ہفتہ کے روز کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں رہائش پذیر جعفر نامی شخص کے گھر میں گیس لیکیج کے باعث اچانک زوردار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں وہ جھلس کر زخمی ہوگیا۔ دھماکے کی شدت سے گھر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کے بعد زخمی شخص کو فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ کے برن یونٹ منتقل کیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی گئی۔
واضح رہے کہ کوئٹہ میں گزشتہ چند روز کے دوران گیس لیکیج کے باعث پیش آنے والے واقعات میں متعدد افراد جھلس کر زخمی ہوچکے ہیں، جس کے باعث شہریوں میں تشویش پائی جارہی ہے۔
شہریوں نے گیس کے استعمال میں احتیاط برتنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرد موسم میں گیس کی بندش کے بعد گھروں میں گیس جمع ہونے اور اچانک فراہمی بحال ہونے سے ایسے حادثات پیش آنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
گیس لیکیج کے واقعات میں مسلسل اضافہ شہریوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بن رہا ہے، جبکہ گھریلو گیس کے استعمال میں احتیاط اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ناگزیر ہے۔