پاکستان کے مایہ ناز ای سپورٹس کھلاڑی ارسلان ایش نے ایک بار پھر عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرتے ہوئے ایوولیوشن چیمپئن شپ سیریز (ایوو) 2026 میں ٹیکن 8 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
اس کامیابی کے ساتھ ارسلان ایش نے مسلسل چوتھی بار لاس ویگاس میں ایوو چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ مجموعی طور پر ان کے ایوو ٹائٹلز کی تعداد آٹھ ہو گئی جو ٹورنامنٹ کی تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی کی سب سے زیادہ فتوحات ہیں۔
ارسلان ایش نے پہلی بار 2019 میں جاپان میں ٹیکن 7 کا عالمی ٹائٹل جیت کر بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے امریکا اور جاپان میں ہونے والے متعدد بڑے ای سپورٹس مقابلوں میں کامیابیاں حاصل کیں۔
انہیں 2019 میں دنیا کے بہترین ای سپورٹس کھلاڑی کا اعزاز بھی دیا گیا جبکہ گزشتہ کئی برسوں سے وہ عالمی فائٹنگ گیمز کے میدان میں اپنی شاندار کارکردگی کے باعث صفِ اول کے کھلاڑی سمجھے جاتے ہیں۔
