امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ انھوں نے اسرائیل کو ایران پر اب تک کے سب سے بڑے حملے سے روکے رکھا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل” پر لکھا کہ خامنہ ای کا اسرائیل سے جنگ میں ایران کی فتح کا دعویٰ جھوٹ اور احمقانہ ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران جنگ ہار چکا تھا، جھوٹ بولنا ایک ایسے شخص کے شایان شان نہیں جن کی شناخت ایک مذہبی پیشوا کی ہے۔
امریکی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ خود خامنہ ای بھی جانتے ہیں، فتح کا دعویٰ کرنا حقیقت سے کوسوں دور ہے۔ حقیقت میں ایران تباہ ہوچکا ہے۔
انھوں نے لکھا کہ ایران کے 3 خطرناک جوہری مراکز مکمل طور پر نیست و نابود کر دیے گئے اور میں نے ہی خامنہ ای کی زندگی بچائی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ مجھے معلوم تھا خامنہ ای کہاں چھپے ہوئے ہیں لیکن میں نے امریکا اور اسرائیل کو ان کو قتل کرنے سے روکا۔