پی ٹی آئی رہنما اور الیکشن کمیشن میں سنی اتحاد کونسل کے وکیل بیرسٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستیں خیرات نہیں آئینی حق ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو ہماری مخصوص نشستیں دی گئیں تو یہ غبن ہو گا ۔
انہوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ جنہیں نشستیں مل چکیں انہیں دوبارہ نہیں دی جا سکتیں، کہا گیا کہ سنی اتحاد کونسل نے کوئی سیٹ ہی نہیں جیتی، ہم نے آرٹیکل 51 دکھایا کہ کسی بھی سیاسی پارٹی کو جوائن کیا جا سکتا ہے۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ یہ چاہتے ہیں کہ ہمیں جو مخصوص نشستیں ملنی ہیں وہ یہ خود میں تقسیم کریں، مخصوص نشستوں کو خالی بھی نہیں چھوڑا جا سکتا، اقلیتوں اور خواتین ارکانِ اسمبلی کا حق ہے کہ ووٹ ڈال سکیں، ہم نے الیکشن کمیشن سے کہا کہ آپ کو یہ نشستیں ہمیں دینی ہی دینی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر ہماری مخصوص نشستیں چھینی گئیں تو سپریم کورٹ جائیں گے، یہ آئین شکنی ہوئی تو صدر، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن بھی متنازع ہو گا۔