امریکا کی کولمبین صدر کو فلسطین کیلئے آواز اٹھانے پر ویزا منسوخی کی دھمکی – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

امریکا کی کولمبین صدر کو فلسطین کیلئے آواز اٹھانے پر ویزا منسوخی کی دھمکی

امریکا نے نیویارک میں جنرل اسمبلی کے لیے موجود کولمبیا کے صدر گسٹاو پیٹرو کو فلسطین کے لیے آواز اٹھانے پر ویزا منسوخی کی دھمکی دے دی۔

امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ کولمبیا کے صدر نے اقوام متحدہ ہیڈ کواٹرز کے باہر فلسطین کے حق مظاہرے میں شرکت کر کے اشتعال انگیزی کی، ان کا ویزا منسوخ کریں گے۔

امریکی حکام نے کہا ہے کہ کولمبین صدر گسٹاو پیٹرو نے لاپروائی کا ثبوت دیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر امریکی وزارت خارجہ نے لکھا کہ کولمبین صدر نے امریکی فوجیوں کو اُکساتے ہوئے پیغام دیا کہ وہ سرکاری احکامات کی نافرمانی کریں، اس لاپروائی اوراشتعال انگیزی پر ہم ان کا ویزا منسوخ کریں گے۔

امریکی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کوئی وضاحت نہیں دی۔

کولمبین صدر گسٹاو پیٹرو نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے باہر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو ایک ایسی عالمی مسلح فورس تشکیل دینا ہوگی جس کی اولین ترجیح فلسطینیوں کو آزادی دلانا ہو، یہ فورس امریکا سے بھی بڑی ہونی چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں یہاں نیویارک سے امریکی فوجیوں سے کہتا ہوں کہ اپنی بندوقیں عوام کی طرف نہ کریں، ٹرمپ کے احکامات نہ مانیں، انسانیت کے احکامات مانیں۔

واضح رہے کہ پیٹرو، جو کولمبیا کے پہلے بائیں بازو کے صدر ہیں، اس سے قبل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران بھی ٹرمپ کو غزہ میں نسل کشی کا شریک جرم قرار دے چکے ہیں اور امریکی میزائل حملوں پر قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

قبل ازیں فلسطینی صدر محمود عباس کو بھی امریکی حکومت نے نیویارک کا ویزا دینے سے انکار کر دیا، جس پر فلسطینی حکام نے کہا کہ یہ اقدام 1947 کے اقوام متحدہ ہیڈکوارٹر معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.