حالیہ جنگ میں پاکستان سے شکست کے بعد بھارت کا جنگی جنون مزید بڑھ گیا ہے اور اس نے جدید اسٹیلتھ فائٹر جیٹ کی تیاری کے لیے ایک فریم ورک کی منظوری دے دی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزارت دفاع نے کہا کہ بھارت کے وزیر دفاع نے ملک کے سب سے جدید اسٹیلتھ فائٹر جیٹ کی تیاری کے لیے ایک فریم ورک کی منظوری دے دی ہے۔
وزارت دفاع نے بتایا کہ بھارتی سرکاری ادارے ایروناٹیکل ڈیولپمنٹ ایجنسی، جو اس پروگرام پر عمل درآمد کر رہی ہے، جلد ہی دفاعی فرموں سے جنگی طیارے کا ایک پروٹو ٹائپ تیار کرنے کے لیے ابتدائی اظہار دلچسپی طلب کرے گی۔
یہ منصوبہ بھارتی فضائیہ کے لیے انتہائی اہم ہے، جس کے فرانسیسی، روسی اور سابق سوویت طیاروں کے اسکواڈرن کی تعداد ایک ایسے وقت میں 42 کی منظور شدہ طاقت سے کم ہو کر 31 رہ گئی ہے، جب حریف چین اپنی فضائیہ کی طاقت کو تیزی سے بڑھا رہا ہے۔
پاکستان کے پاس چین کے جدید جنگی طیاروں میں سے ایک، J-10، اس کے ہتھیاروں کے ذخیرے میں شامل ہے، جس کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ اسے حالیہ لڑائی میں بھارت کے جدید ترین فرانسیسی رافیل جیٹ طیاروں کو مار گرانے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔