گوگل نے پاکستان سمیت مزید 16 ممالک میں اپنا ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام ’گوگل والٹ‘ متعارف کرانے کا اعلان کر دیا۔
گوگل والٹ پہلے سے ہی درجنوں ممالک میں دستیاب ہے، تاہم پاکستان میں اس کی سروسز دستیاب نہیں تھیں لیکن اب کمپنی نے پاکستان سمیت متعدد ممالک میں اسے متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق پاکستان، مصر، وینزویلا، تاجکستان، مراکش، پاناما، پیرو، موناکو اور کوسوو سمیت مزید 16 ممالک میں دسمبر 2024 اور جنوری 2025 کے درمیان گوگل والٹ کی سہولیات شروع کی جائیں گی، پاکستان میں گوگل والٹ کی سہولت آئندہ ماہ جنوری میں شروع کی جائے گی، یعنی گوگل کی جانب سے پاکستانیوں کو نئے سال پر ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کا تحفہ دیا جائے گا۔
گوگل والٹ ایسا ڈیجیٹل ادائیگی اور دستاویزات کو محفوظ رکھنے کا نظام ہے جس کے تحت صارفین اپنے کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈز کو اکاؤنٹ سے منسلک کر کے پیسوں کی ادائیگی اور وصولی کر سکیں گے، مذکورہ نظام اور ایپلی کیشن کو محفوظ ترین تصور کیا جاتا ہے۔