پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروبار کے دوران بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 1900 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق جمعرات کو کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس ایک ہزار 991 پوائنٹس یا 1.80 فیصد کی کمی سے ایک لاکھ 10 ہزار 423 پوائنٹس کی سطح پر آگیا، جو گزشتہ روز ایک لاکھ 12 ہزار 414 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
اسٹاک مارکیٹ میں 450 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، 113 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 284 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جب کہ 53 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
چیز سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق نے اس کمی کی وجہ افغانستان کے ساتھ بگڑتے ہوئے تعلقات کو قرار دیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے پڑوسی ملک میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر مبینہ فضائی حملے کے بعد سرمایہ کار آج اس پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔