علیمہ خان کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے پر عدالتی تحویل سے جانے کی اجازت – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

علیمہ خان کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے پر عدالتی تحویل سے جانے کی اجازت

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 26 نومبر احتجاج کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو عدالت سے جانے کی اجازت دے دی، قبل ازیں عدالت نے انہیں عارضی عدالتی تحویل میں لینے کا حکم دیا تھا۔

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت ہوئی۔

دوران سماعت علیمہ خان نے استدعا کی کہ ہمارے وکیل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں ہمیں جانے کی اجازت دی جائے جس پر پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ کریمنل پروسیجر کی سیکشن 351 کے تحت ملزمہ عدالتی تحویل میں ہے۔

علیمہ خان عدالت سے باہر نکلیں تو خواتین پولیس اہلکار انہیں تحویل میں لیکر عدالت کے اندر لے گئیں، عدالت نے کہا کہ ملزمہ عدالتی احاطے سے باہر نہ جائیں جبکہ علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک بھی عدالت پہنچ گئے۔

بعدازاں عدالت نے علیمہ خان کو جانے کی اجازت دے دی، عدالت نے علیمہ خان کی جانب سے جمع کرائے گئے 10،10 لاکھ روپے کے 2 مچلکے منظور کر لئے گئے جبکہ مقدمے میں تاخیری حربے استعمال کرنے پر 8 گواہوں کو 10،10 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

عدالت نے وکلا صفائی کی استدعا پر مزید سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ علیمہ خان کی جانب سے دس، دس لاکھ کے دو مچلکے گزشتہ سماعت پر ضمانت کے حکم کی تعمیل میں جمع کرائے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ عدالت 26 نومبر کے مقدمے میں متعدد بار علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر چکی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.