اسرائیل نے ایران پر حملوں کا آغاز کردیا ، اسرائیل کی جانب سے ایران پر جنگی طیاروں، میزائلوں اور ڈرونز سے ایک رات میں تین باربمباری کی گئی اور 20مقامات کو نشانہ بنایا گیا ۔
تہران ایئرپورٹ کے قریب بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، شام کے دارالحکومت دمشق میں بھی دھماکے سنے گئے، حملے کے بعد کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی، پاسداران انقلاب کے ہیڈ کوارٹرز کے قریب بھی دھماکے سنے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران کے قریب کرج شہر میں 5 دھماکے سنے گئے، ایران کے شہر تکریت میں بھی دھماکے سنے گئے، تہران فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق آگ سے متاثرہ ایک عمارت سے 10 افراد کو نکال لیا گیا، تہران میں دھماکوں کی ایرانی میڈیا نے بھی تصدیق کر دی۔
اسرائیلی فوج نے میزائل ،ڈرونز پروڈکشن سائٹس اورپاسداران انقلاب کے ہیڈکوارٹرز سمیت دیگر فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کادعویٰ کیا ہے ، ایران ،عراق اور اسرائیل نے اپنی فضائی حدود بند کردی ہیں جبکہ تمام پروازیں معطل ہیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی نظام متحرک ہے کسی بھی حملے سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، حملے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل حملوں کا جواب ہے، ایران میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، امریکا نے اسرائیل میں تھاڈ میزائل اور مشرق وسطیٰ میں ایف 16 طیارے بھیجے تھے، اسرائیلی وزیراعظم نے کنٹرول روم سے تمام صورتحال کا جائزہ لیا۔
شام کے شہر دمشق میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، اسرائیل نے ایران، عراق اور شام میں حملوں سے پہلے وائٹ ہاؤس کو آگاہ کیا۔