وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر سے ملاقات کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے اختتامی روز زبردست تیزی کا رجحان رہا، بینچ مارک ہنڈرڈ انڈیکس 3 ہزار سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 62 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرگیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کی ویب سائٹ کے مطابق جمعہ کو مارکیٹ میں کا آغاز زبردست تیزی سے ہوا اور 9 بج کر 17 منٹ پر 821 پوائنٹس کے اضافے سے بینچ مارک 100 انڈیکس ایک لاکھ 60 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔
بعد ازاں 10 بج کر 29 منٹ پر ہنڈرڈ انڈیکس 2 ہزار 60 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 161 ہزار 340 کی سطح پر پہنچ گیا۔
بعدازاں 2 بجکر 34 منٹ پر 2 ہزار 774 پوائنٹس اضافے سے ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 62 ہزار کی حد بھی عبور کرگیا۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز سیشن کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 2 ہزار 976 پوائنٹس یا 1.87 فیصد اضافے سے ایک لاکھ 62 ہزار 257 کی سطح پر بند ہوا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز مارکیٹ ایک لاکھ 59 ہزار 901 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی تھی۔