وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چینی سفارتخانے جاکر چینی سفیر سے ملاقات کی اوران سے بشام میں دہشتگرد حملے میں 5 چینی باشندوں کی ہلاکت پر تعزیت کی۔
پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ سے پانچ چینی شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں چینی شہریوں کے اہلِخانہ کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت واقعے کی اعلی سطح پر اور جلد تحقیقات کرکے ذمہ داران و سہولت کاروں کو قرارواقعی سزا دے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی ایسی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے،سی پیک کے دشمنوں نے ایک مرتبہ پھر سے ایسی بزدلانہ حرکت سے اسے متزلزل کرنے کی سازش کی ہے مگر دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔