Daily Mashriq
Mashriq Newspaper

چین کی غیرمتزلزل حمایت، خطے میں امن کیلئے کافی پیشرفت ہو چکی ہے: وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف چین کے عظیم عوامی ہال وفد کے ہمراہ پہنچے جہاں چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، گرمجوشی سے مصافحہ کیا گیا، خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا گیا، قومی ترانے بجائے گئے، مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

 

اس موقع پر پاکستان اور چین کے وزرائے اعظم نے اپنے اپنے وفود کا تعارف کرایا۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے چینی ہم منصب سے وفد کے ہمراہ ملاقات کے موقع پر کہا کہ چین کے دورے کی پرتپاک دعوت پر آپ کا بے حد مشکور ہوں، آپ کے عظیم ملک کا دورہ کرنا میرے لیے ہمیشہ بے حد خوشی کا باعث ہو تا ہے، جب بھی چین آتے ہیں ہمیں نئی تعمیرات اور عظیم ترقی دیکھنے کو ملتی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ چین کے برادر عوام سے صوبہ شانشی کی کوئلے کی کان میں دھماکے پر تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور کئی لوگ زخمی ہوئے، ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس وقت تاریخ کے ایک نہایت اہم موڑ پر کھڑے ہیں، پاکستان اور چین اپنی شاندار دوستی اور سفارتی تعلقات کا 75واں سال منا رہے ہیں، پاکستان ، چین دوستی کی بنیاد ہمارے بانی رہنماؤں نے رکھی تھی۔

 

وزیراعظم نے چینی ہم منصب کو بتایا کہ فیلڈ مارشل نے ایرانی اور امریکی قیادت کے درمیان رابطوں میں اہم کردار ادا کیا، نائب وزیر اعظم نے بھی ایران اور خلیجی ممالک میں اپنے ہم منصوبوں سے رابطے کیے، دعا گو ہیں امن ہمیشہ کیلئے بحال ہو۔

 

انہوں نے کہا کہ ہم دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے سفر پر گامزن ہیں، آج دنیا انتہائی نازک دور سے گزر رہی ہے، خلیجی خطے میں بھی بحران موجود ہے، پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی میں مخلصانہ کردار ادا کیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ابھی تہران سے واپس آئے ہیں، فیلڈ مارشل اس اہم دورے کو چھوڑنا نہیں چاہتے تھے، وہ رات بھر سفر میں رہے اور اس ملاقات میں شریک ہوئے۔

 

 

 

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امن کے حوالے سے کافی پیش رفت ہو چکی ہے، معاملات درست سمت میں آگے برھ رہے ہیں، امن کے قیام اور جنگ بندی کیلئے پاکستان کی کوششوں کی بھرپور حمایت پر صدر شی اور چینی قیادت کا مشکور ہوں۔

 

انہوں نے کہا کہ ہم صدر شی جن پنگ کے 4 نکاتی ایجنڈے کی بھرپور تائید کرتے ہیں، نائب وزیر اعظم اور چینی وزیر خارجہ نے جنگ بندی کیلئے 5 نکاتی پروگرام کا اعلان کیا، ہمیں مل کر امن کیلئے کوششیں کرنا ہوں گی، حالیہ بحران نے نہ صرف دنیا کی معیشتوں بلکہ پاکستان کو بھی متاثر کیا۔

 

پاکستان کا امن کیلئے مثبت کردار، مشترکہ مفادات کا تحفظ کیا: چینی وزیراعظم

 

اس موقع پر چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان نے قریبی رابطے اور ہم آہنگی کو برقرار رکھا ہے، مشترکہ مفادات کا تحفظ کیا ہے، پاکستان نے علاقائی امن کیلئے مثبت کردار ادا کیا، صدر شی جن پنگ کی آج وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوگی۔

 

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پر عزم ہے، چین پاکستان کے ساتھ روایتی دوستی کو آگے بڑھانے اور دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پر عزم ہے، وزیر اعظم ہم آپ کے ساتھ عملی تعاون کو وسعت دینے کو تیار ہیں۔

 

خیال رہے کہ وزیراعظم آج چین میں مصروف ترین دن گزاریں گے، وہ چینی وزیراعظم کے بعد چینی صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔

 

دونوں وزرائے اعظم کی وفود کی سطح پر ملاقات ہو رہی ہے جس میں دونوں وزرائے اعظم پاک چین مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کے تبادلے کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

 

وزیراعظم وفد کے ہمراہ تیانمن سکوائر میں عوامی ہیروز کی یادگارپرحاضری دیں گے اور گلدستہ رکھیں گے، ان کی معروف چینی سرمایہ کاروں اور چینی کمپنیوں کے سی ای اوز سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔

 

وزیرِاعظم اعلیٰ چینی قیادت کےہمراہ پاک چین سفارتی تعلقات کی75ویں سالگرہ سے متعلق منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More