وشکی پولیس کے ایک ہفتے سے لاپتا سینئر افسر کی لاش ضلع مستونگ کے علاقے کردگاب سے برآمد ہوگئی۔
ڈی ایس پی محمد یوسف ریکی گزشتہ ہفتے کے اختتام پر نوشکی سے کوئٹہ جاتے ہوئے لاپتا ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق، ڈی ایس پی محمد یوسف ریکی کو نامعلوم مسلح افراد نے کرگینہ کے علاقے میں اس وقت اغوا کیا جب وہ سفر پر تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے لاپتا افسر کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا لیکن انہیں بازیاب نہ کرایا جا سکا تھا۔
مستونگ انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے حکام کو ایک لاوارث لاش کی اطلاع دی، پولیس کردگاب پہنچی، لاش قبضے میں لے کر اسے قانونی کارروائی کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔
کردگاب پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او غلام سرور کے مطابق مقتول افسر کے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر گولیاں ماری گئی تھیں۔