وفاقی حکومت نے تمام صوبوں کے اتفاق رائے کے ساتھ نیشنل رجسٹریشن پالیسی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت نادرا کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں نیشنل رجسٹریشن پالیسی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈ اور شہریت کا مستند ہونا انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس پالیسی پر تمام صوبوں کا اتفاق رائے بھی حاصل کرنا ہو گا، یونین کونسل کو اس ضمن میں بنیاد کا درجہ حاصل ہے، نادرا کی یونین کونسلز تک رسائی اس سلسلے میں انتہائی ضروری ہے، پالیسی سے شہریت کے انداراج کو شفاف اور فول پروف بنایا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ نئی پالیسی سے شہریت کے غیر قانونی اندراج کو بھی روکا جا سکے گا، جس کی وجہ سے غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری ہونے کا معاملہ سامنے آیا۔