چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں علاقائی امن اور انسداد دہشت گردی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی عرب کے سرکاری دورہ کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر اور سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جن میں علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی و عسکری تعاون، سٹریٹجک اشتراک اور بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی چیلنجز شامل تھے۔
اس ملاقات نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی ایک بار پھر توثیق کی۔
خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے جاری کردہ شاہی فرمان کے تحت پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مملکتِ سعودی عرب کے اعلیٰ ترین قومی اعزاز کنگ عبدالعزیز میڈل سے بھی نوازا گیا۔