کرکٹ آسٹریلیا نے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کے لیے حتمی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں ٹریولنگ ریزورز کا اضافہ کیا گیا ہے، جب کہ اسٹیو اسمتھ اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔
ٹی20 ورلڈکپ کے لیے 15 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے میتھیو شارٹ اور جیک فریزر مگرک کو ٹریولنگ ریزروز کے طور پر رکھا گیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے یکم مئی کو اعلان کردہ 15 رکنی اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، ابتدائی طور پر اعلان کردہ اسکواڈ کو ہی فائنل کیا گیا ہے، البتہ ٹیم میں 2 کھلاڑیوں کو ٹریول ریزورز کے طور پر شامل کیا گیا ہے، جب کہ ٹیم کی قیادت مچل مارش کریں گے۔
لیفٹ آرم اسپنر ایشٹن ایگر نے 2022 میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کے بعد کوئی بھی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا لیکن اس کے باوجود انہیں نوجوان اسپنر تنویر سانگھا پر ترجیح دی گئی ہے۔
حتمی اسکواڈ:
مچل مارش (کپتان)، ایشٹن ایگر، پیٹ کمنز، ٹم ڈیوڈ، نیتھن ایلس، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلیس، گلین میکسویل، مچل اسٹارک، مارکس اسٹونیس، میتھیو ویڈ، ڈیوڈ وارنر، ایڈم زمپا
اس کے علاوہ ٹریولنگ ریزورز میں میتھیو شارٹ اور جیک فریزر مگرک شامل ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان وہ واحد ٹیم ہے جس نے ٹی20 ورلڈکپ کے لیے اب تک اپنے حتمی اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا، تاہم ٹیم کے حوالے سے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے اور ممکنہ طور پر کل انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی20 کے بعد قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا جائے گا۔