ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ایرانی صدرابراہیم رئیسی اور رفقا کی وفات پر ایران میں روزہ5 سوگ ہے، ایرانی صدر اوررفقا کی تجہیزوتکفین کا آغاز آج تبریز سے ہوگیا ہے ۔
جاں بحق ایرانی صدر اور دیگر کی میتیں تبریز پہنچادی گئیں جہاں سے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر شہیدوں کی میتوں کو تہران لے جایا جائے گا۔
جاں بحق افراد کی نمازجنازہ کل تہران میں ادا کی جائے گی ، سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای تہران میں نماز جنازہ پڑھائیں گے، اس کے بعد ابراہیم رئیسی کی میت کو جمعرات کی صبح جنوبی صوبے خراسان پہنچایا جائے گا اور بعد ازاں ان کے آبائی شہر مشہد لے جایا جائے گا، جہاں جمعرات کی شام ان کی تدفین کی جائے گی۔
آیت اللہ آل ہاشم کی تدفین جمعہ کو تبریز میں کی جائے گی جبکہ مشرقی آذربائیجان کے گورنر کی تدفین مراغہ شہر میں کی جائے گی، غیرملکی میڈیا کے مطابق بدھ کو پورے ملک میں سرکاری تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔