بلوچستان میں 10 محرم تک دفعہ 144 نافذ ، کوئٹہ میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی

حکومتِ بلوچستان نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جو یکم محرم سے 10 محرم الحرام تک نافذ العمل رہے گی۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق محرم کے دوران اشتعال انگیز، فرقہ وارانہ اور نفرت آمیز مواد کی تشہیر پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ سوشل میڈیا سمیت تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نفرت انگیز مواد کی اشاعت بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

 

حکومت نے اسلحہ اور گولہ بارود کی نمائش اور عوامی مقامات پر لے جانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے حساس مقامات اور جلوسوں تک مشتبہ افراد کی رسائی محدود رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اسی طرح عوامی مقامات اور جلوسوں کے راستوں پر پیشہ ور بھکاریوں کی موجودگی بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق کوئٹہ میں محرم کے دوران موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر مکمل پابندی ہو گی، جبکہ بیرون ضلع لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے لیے پیشگی اجازت لینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

مزید برآں جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں اور بالکونیوں میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، کوئٹہ اور نصیرآباد میں وال چاکنگ، بینرز، پوسٹرز اور پمفلٹس لگانے پر بھی پابندی ہو گی۔

 

حکومت بلوچستان نے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 سمیت متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی، ڈپٹی کمشنرز، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More

https://www.googletagmanager.com/gtag/js?id=G-HFZSG9BN9P