پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکارہ ہانیہ عامر ایک مرتبہ پھر اپنے فلاحی جذبے کی وجہ سے توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔ اس بار اداکارہ نے ایک اہم خیراتی اقدام کے ذریعے نہ صرف مریضوں کی مدد کی بلکہ مداحوں کے دل بھی جیت لیے ہیں۔
سوشل میڈیا سے شہرت حاصل کرنے کے بعد شوبز کی دنیا میں اپنی منفرد شناخت بنانے والی ہانیہ عامر آج پاکستان کی کامیاب ترین اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ تاہم حالیہ دنوں ان کے ایک سماجی اور انسان دوست اقدام نے انہیں خبروں کی زینت بنا دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق معروف گلوکار اور سماجی کارکن ابرار الحق کی فلاحی تنظیم سہارا لائف ٹرسٹ کے زیرِ انتظام چلنے والے اسپتال میں ہانیہ عامر نے ایک مکمل نیا وارڈ عطیہ کیا ہے۔ ٹرسٹ کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق یہ وارڈ ’فریال نگہت‘‘ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔
ہانیہ عامر کا یہ اقدام نہ صرف ان کے مداحوں بلکہ فلاحی کاموں سے وابستہ حلقوں میں بھی خوب سراہا جا رہا ہے، جہاں اسے معاشرتی خدمت کی ایک مثبت مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
