اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ صہیونی فوج نے اتوار کو غزہ پر حملہ کیا ہے، غزہ کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیل اب تک جنگ بندی کی 47 خلاف ورزیاں کرچکا ہے جس میں 38 افراد شہید اور 143 زخمی ہوچکے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے اتوار کو غزہ پر حملہ کردیا، اس پیش رفت نے امریکا کی ثالثی میں ہونے والی ایک ہفتے پرانی جنگ بندی کے مستقل امن میں بدلنے کی امیدوں کو کم کر دیا ہے، جبکہ اسرائیل اور فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کررہے ہیں۔
ایک اسرائیلی فوجی اہلکار نے اتوار کو بتایا کہ حماس نے غزہ کے اندر اسرائیلی فورسز پر متعدد حملے کیے، جن میں ایک راکٹ حملہ اور ایک اسنائپر حملہ شامل ہے، اہلکار کے مطابق دونوں واقعات اسرائیلی زیرِ قبضہ علاقے میں پیش آئے، یہ جنگ بندی کی واضح خلاف ورزی ہے۔
دوسری جانب حماس کے سینئر رہنما عزت الرشق نے کہا کہ فلسطینی گروپ جنگ بندی کے معاہدے پر قائم ہے، جس کی بارہا خلاف ورزی کا الزام اس نے اسرائیل پر عائد کیا۔