وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پندرہ دن کا وقت دے رہا ہوں بجلی کے مسئلے کو حل کریں، ریلیف نہیں دیتے تو میں ٹیک اوور بھی کر سکتا ہوں، پھر میں ہی بجلی کا بٹن آن آف کروں گا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہمارے ساتھ ظلم ہوا اور ہم پر ہی الزام لگائے جا رہے ہیں، عوام نے جبر، ظلم، پارٹی نشان چھیننے کے باوجود ہمیں اکثریت دی، دھاندلا ہوا انشااللہ حلقے کھلیں گے، ہم سب تو اپنے حلقے کھولنے کے لیے تیار ہیں۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پی ٹی آئی پر جب ظلم ہوا تب کسی کو جمہوریت یاد نہیں آئی؟ پورا پاکستان جانتا ہے ہماری پارٹی مظلوم ہے، وفاق کی جانب سے 300 ارب روپے کم دیئے گئے، آج بھی وفاق ہمیں ہمارا حق نہیں دے رہا۔