گوادر: انتہائی خوفناک ٹریفک حادثہ، 9 جاں بحق، 36 زخمی ، 7 کی حالت سیریس
گوادر میں مکران کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ کے قریب تیز رفتار مسافر کوچ الٹنے سے انتہائی خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 9 مسافر جاں بحق جبکہ 36 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حادثہ "العثمان” نامی مسافر کوچ کو پیش آیا جو کراچی سے جیونی جا رہی تھی۔ کوچ تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گئی۔
حادثے کے بعد مقامی افراد اور ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اورماڑہ کے قریبی ہسپتال (درمان جاہ) منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں 7 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ اس المناک واقعے پر علاقے میں سوگ کی فضا برقرار ہے۔