غزہ میں امن معاہدے کے نفاذ کے بعد اسرائیل سے مزید 30 فلسطینیوں کی لاشیں غزہ پہنچ گئیں، جن پرتشدد کے نشانات ہیں، حماس نے کہا ہے کہ تمام یرغمالیوں کی وہ لاشیں حوالے کر دی ہیں جن تک رسائی ممکن تھی۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے غزہ کی وزارت صحت کے حوالے کیا ہے کہ 30 مزید فلسطینیوں کی لاشیں غزہ پہنچ گئیں، جن میں سے بعض پر ’ تشدد، مارپیٹ، ہاتھ باندھنے اور آنکھوں پر پٹی باندھنے’ کے آثار پائے گئے ہیں۔
تاہم یہ واضح نہیں کہ ان فلسطینیوں کی موت کب اور کیسے ہوئی۔
ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس (آئی سی آر سی ) ان لاشوں کو واپس غزہ منتقل کر رہی ہے۔ یہ وہ لاشیں ہیں جو جنگ کے دوران اسرائیل کے پاس موجود تھیں۔
منگل اور بدھ کے روز اسرائیل نے دو گروپوں میں 90 فلسطینیوں کی لاشیں ناصر میڈیکل کمپلیکس منتقل کی تھیں جس کے بعد واپس کی جانے والی لاشوں کی مجموعی تعداد 120 ہو گئی ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق ان میں سے بہت سی لاشیں تاحال شناخت نہیں کی جا سکیں، اور وزارت نے اہل خانہ کی مدد کے لیے ان کی تصاویر ایک مخصوص ویب سائٹ پر شائع کی ہیں تاکہ وہ اپنے پیاروں کی شناخت کر سکیں۔