ارکان اسمبلی نے آزاد جموں و کشمیر میں کامیابی پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو مبارکباد پیش کی اور ضلع اٹک میں الیکٹروبس سروس کے آغاز پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
ارکان اسمبلی نے بتایا کہ پی او ایف سنجوال تا حضرو اور گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ڈھوک فتح سے اٹک خورد تک الیکٹروبس سروس چل رہی ہے، انہوں نے اٹک اور گرد و نواح کے لیے الیکٹروبس سروس کی فراہمی پر عوام کے مثبت ردعمل سے بھی وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔
ارکان صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ خواتین، طلبہ اور بزرگوں کے لیے مفت سفری سہولت خوش آئند اقدام ہے، جبکہ مثالی گاؤں پراجیکٹ کے تحت دیہات کی اپ گریڈیشن بھی ایک انقلابی قدم ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبے اور تاریخی اقدامات دیگر صوبوں کے لیے مثال بن رہے ہیں۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کی طرز پر صاف پانی کا منصوبہ بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ان کا کہنا تھا کہ صفائی ستھرائی کے بعد اب پورے پنجاب کے تمام شہروں میں پینے کا صاف پانی مہیا کرنا ان کا عزم ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہی ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اور موٹرویز کا جال بچھایا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صوبے بھر میں نکاسی آب، سیوریج سسٹم اور سڑکوں کے میگا پراجیکٹس شروع کیے گئے ہیں۔

