الیکشن کا نتیجہ 2 سے ڈھائی ماہ پہلے بک چکا تھا، پیمنٹ بھی ہو چکی تھی، پیر پگارا – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

الیکشن کا نتیجہ 2 سے ڈھائی ماہ پہلے بک چکا تھا، پیمنٹ بھی ہو چکی تھی، پیر پگارا

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صبغت اللّٰہ شاہ راشدی (پیر پگارا)  کا کہنا ہے کہ الیکشن کا نتیجہ 2 سے ڈھائی ماہ پہلے بک چکا تھا، پیمنٹ بھی ہوچکی تھی، جیتنے والا سر پکڑ کر بیٹھا ہے، ہارنے والا سڑکوں پر ہے، فیصلہ کرنے والوں کو سوچنا ہوگا کہ ان کے ساتھ قومی سطح کا کوئی لیڈر نہیں۔

انتخابی نتائج میں مبینہ دھاندلی کے خلاف گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے جامشورو انٹرچینج پر دھرنا دیا۔

دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے  پیر پگارا نے کہا کہ الیکشن کے دوران دوستوں نے کہا جلسہ کریں میں نے منع کردیا، الیکشن کے دوران کہیں نہیں نکلا، نہ جلسہ کیا اور نہ ہی کارنر میٹنگز، ایک جلسے پر 8 سے 10 کروڑ روپے خرچ ہوتا ہے۔

 پیر پگارا نے یہ بھی کہا کہ فوج ہماری ہے وہ ہماری فیڈریشن کو سنبھالے ہوئے ہیں، سوچ بھی نہیں سکتا کہ ہم فوج سے دور ہوں گے، اب فوج کے علاوہ کوئی وفاق نہیں سنبھال سکتا، ہم فوج کی وجہ سے عزت اور سکون سے بیٹھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا احتجاج الیکشن پر ڈاکا ڈالنے کے خلاف ہے، الیکشن نے ثابت کردیا کوئی لیڈر نیشنل لیول کا نہیں سب صوبائی لیڈر ہیں، جو کھچڑی بن گئی ہے 8 سے 10 ماہ سے زیادہ یہ حکومت نہیں چلے گی، فوج نے اب سب کو آزما لیا ہے، ہو سکتا ہے ایمرجنسی یا مارشل لاء لگ جائے، یہ ہی عدلیہ لیگل کور دے گی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.