انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 37 رنز سے شکست دی۔ انگلینڈ نے 211 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 47 ویں اوور میں 173 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی بیٹنگ لائن پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹک سکی اور پوری ٹیم 47 ویں اوور میں 210 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ انگلینڈ کے فیلکونر نے سب سے زیادہ 66 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے احمد حسین نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ علی رضا، عبدالسبحان اور مومن قمر نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستانی ٹیم کو 211 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں اوپنرز سمیر منہاس اور محمد شایان صرف 23 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ عثمان خان 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ احمد حسین 12 رنز بنا کر چلتے بنے۔ پاکستان کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 47 ویں اوور میں 173 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جس کے نتیجے میں انہیں 37 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کپتان فرحان یوسف 65 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے ایلکس گرین، البرٹ اور جیمز منٹو نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کے بیٹنگ کا دھاگہ توڑ دیا۔