شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، اسرائیلی جارحیت سوچی سمجھی سازش قرار – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، اسرائیلی جارحیت سوچی سمجھی سازش قرار

وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی، وزیراعظم نے اسرائیلی جارحیت کو مشرق وسطیٰ کا امن تباہ کرنے کی سوچی سمجھی سازش قرار دیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات دوحہ قطر میں عرب اسلامی ممالک سربراہی ہنگامی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

ملاقات میں اسرائیل کی جانب سے قطر کے خلاف کی جانے والی جارحیت سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات کے دوران شہباز شریف نے اسرائیلی جارحیت کی سختی سے مذمت کی۔

وزیراعظم نے مشکل کی اس گھڑی میں امت مسلمہ کو اکٹھا کرنے پر سعودی ولی عہد کے قائدانہ کردار کو سراہا۔

شہباز شریف نے اقوام متحدہ سمیت تمام سفارتی محازوں پر پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل کا یہ اقدام سخت قابل مذمت ہے، یہ مشرق وسطیٰ میں امن کوششوں کو ناکام بنانے کی دانستہ کوشش ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان اسرائیلی جارحیت کے خلاف یک زبان ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔

شہباز شریف نے مملکت سعودی عرب کی مستقل حمایت پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل بھی ملاقات میں شریک تھے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.