ایران نے امریکا کو سخت انتباہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ واشنگٹن نے دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کی شرائط کی خلاف ورزی کی ہے، جس کے جواب میں تہران تمام ممکنہ اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بین الاقوامی معاہدے باہمی ذمہ داریوں پر مبنی ہوتے ہیں، اور اگر ایک فریق اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرے تو دوسرا فریق بھی اپنی ذمہ داریوں کو معطل یا روک سکتا ہے۔
وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا نے مفاہمتی یادداشت کی شرائط توڑ دی ہیں، اس لیے ایران کے پاس مناسب جواب دینے کے تمام راستے موجود ہیں، ایرانی مسلح افواج کے ہاتھ بندھے ہوئے نہیں ہیں اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور طاقتور جواب دیا جائے گا۔
ایرانی حکام کے مطابق مفاہمتی یادداشت کے تمام نکات پر موجودہ صورتحال کے مطابق ضروری فیصلے اور اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ایران کے قومی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے جنوبی ایران پر امریکی حملوں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں جارحانہ، غیر قانونی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا، اور کہا کہ ایسے اقدامات خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔
