گوگل جیمنائی میں اب تک کی سب سے بڑی اپ ڈیٹ کر دی گئی – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

گوگل جیمنائی میں اب تک کی سب سے بڑی اپ ڈیٹ کر دی گئی

پرسنل انٹیلی جنس نامی اس اپ ڈیٹ کو متعارف کرا دیا گیا ہے اور یہ اے آئی کے شعبے میں ایک بہت بڑی پیشرفت قرار دی گئی ہے، اس نئے فیچر سے جیمنائی گوگل ایپس میں صارف کے ذاتی ڈیٹا کا تجزیہ کرکے آپ کے سوالات پر زیادہ تفصیلی جوابات فراہم کرسکے گا۔

پرسنل انٹیلی جنس کے ذریعے جیمنائی مختلف ایپس جیسے گوگل سرچ، جی میل، گوگل فوٹوز اور یوٹیوب تک رسائی حاصل کرکے صارف سے متعلق تفصیلات اکٹھی کرسکے گا۔

اس کی وضاحت اس مثال سے ہوگی، تصور کریں کہ آپ جیمنائی سے گاڑی کے کسی مسئلے کے بارے میں پوچھتے ہیں اور اے آئی ٹیکنالوجی براہ راست کسی گوگل ایپ میں آپ کی خریداری تک رسائی حاصل کرکے یہ جانتی ہے کہ آپ کونسی گاڑی کے مالک ہیں، گوگل فوٹوز سے اس کی حالت دیکھ سکتی ہے اور یوٹیوب پر جاکر مسئلے کا حل بتا سکتی ہے۔

کمپنی کے مطابق پرسنل انٹیلی جنس سے جیمنائی ایک حقیقی اے آئی پرسنل اسسٹنٹ بن جائے گا، گوگل کے مطابق اس فیچر کو سب سے پہلے امریکا میں متعارف کرایا جا رہا ہے، یہ فیچر گوگل اے آئی پرو اور اے آئی الٹرا سبسکرپشن پلانز کے صارفین کو دستیاب ہوگا۔

کمپنی نے بتایا کہ اس فیچر کو آنے والے مہینوں میں دیگر ممالک اور مفت صارفین تک توسیع دی جائے گی جبکہ گوگل سرچ کے اے آئی موڈ کا حصہ بھی بنایا جائے گا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.