امریکہ کی جانب سے بھاری محصولات عائد کیے جانےکے بعد تجارتی تعلقات میں غیر یقینی صورتحال کے دوران بھارت نے چین اور روس کے ساتھ روابط کو مزید بڑھانےکا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر 21 اگست کو روس کا دورہ کریں گے، جہاں وہ روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے ملاقات کریں گے، جبکہ اس سے قبل چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی میزبانی کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔
روسی وزارت خارجہ نے جے شنکر کے ماسکو دورے کا اعلان کرتے ہوئےکہا کہ دونوں وزراء دو طرفہ ایجنڈے کے اہم امور کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی فریم ورک میں تعاون کے کلیدی پہلوؤں پر بات چیت کریں گے، بھارتی وزیرِ خارجہ کا یہ دورہ روس-بھارت سالانہ سربراہی اجلاس کی تیاری کا حصہ ہے، جس میں صدر ولادیمیر پیوٹن کے رواں برس کے آخر میں بھارت آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔