Daily Mashriq
Mashriq Newspaper

حکومت کا گیس صارفین کو دی جانیوالی 140 ارب کی کراس سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ

حکومت نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جنوری 2027 تک گیس صارفین کو دی جانے والی 140 ارب روپے کی کراس سبسڈی ختم کر دی جائے گی۔

اس کے بعد گیس اور بجلی پر دی جانے والی رعایتیں صارف کے استعمال کے بجائے اس کی آمدنی کی بنیاد پر دی جائیں گی، اور اس مقصد کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کا ڈیٹا استعمال کیا جائے گا۔

پیٹرولیم ڈویژن کے اعلیٰ حکام کے مطابق موجودہ نظام میں محفوظ (Protected) اور بعض غیر محفوظ (Non-Protected) صارفین کو کم نرخوں پر گیس فراہم کی جاتی ہے، جبکہ اس رعایت کا بوجھ صنعتوں، کمرشل صارفین، سی این جی اسٹیشنز، سیمنٹ سیکٹر اور زیادہ گیس استعمال کرنے والے گھریلو صارفین برداشت کرتے ہیں۔

 

اب یہ نظام ختم کر کے تمام صارفین سے یکساں اوسط نرخ وصول کیے جائیں گے، جبکہ صرف کم آمدنی والے گھرانوں کو براہِ راست مالی مدد دی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت اوسط گیس ٹیرف 1,750 روپے فی MMBtu ہے، مگر محفوظ صارفین اس سے کہیں کم نرخ ادا کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب سے آئی ایم ایف مشن کی اہم ملاقات ہوئی، وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب سے اسلام آباد میں آئی ایم ایف مشن نے اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال، آئندہ وفاقی بجٹ اور معاشی اصلاحات پر تبادلۂ خیال کیا گیا، آئی ایم ایف مشن کی قیادت مشن چیف آئیوا پیٹرووا نے کی۔

حکومت نے معیشت کو مستحکم اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، گورنر اسٹیٹ بینک، سیکریٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔

حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے پر مشاورت جاری ہے، آئندہ بجٹ میں مالی نظم و ضبط اور معاشی استحکام پر توجہ متوقع ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More