اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سالانہ ریکارڈ تعداد میں لوگوں کو بے گھر کرنے میں کردار ادا کرنے کے ساتھ پناہ گزین کی ابتر حالت میں مزید اضافے کا سبب بن رہی ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق باقو میں منتعقدہ عالمی موسمیاتی کانفرنس کے دوران پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے (یو این ایچ سی آر) کے ہائی کمشنر نے اس بات کو اجاگر کیا کہ کس طرح عالمی درجہ حرارت میں اضافہ اور موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہونے والے واقعات مہاجرین کی تعداد اور ان کی حالت پر اثر انداز ہورہے ہیں۔
انہوں نے ان خطرات کو کم کرنے کے لیے زیادہ اور مؤثر سرمایہ کاری کرنے کا مطالبہ کیا۔
عالمی ادارہ برائے پناہ گزین کی ایک حالیہ رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ کس طرح سوڈان، سومالیہ اور میانمار جیسے ممالک میں موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ تنازعات متاثرہ لوگوں کو مزید سنگین حالات کی طرف دھکیل رہے ہیں۔
یو این ایچ سی آر کے سربراہ فلیپو گرینڈی نے رپورٹ کے پیش لفظ میں کہا کہ’ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کے باعث، خشک سالی، سیلاب، جان لیوا گرم اور دیگر سنگین موسمی حالات خوفناک تعداد میں ہنگامی صورتحال پیدا کررہے ہیں۔’