پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن (اے ایف پی ) نے اولمپک چیمپئن ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ پر تاحیات پابندی عائد کر دی، یہ اقدام ’ فیڈریشن کے آئین کی سنگین خلاف ورزیوں’ کے باعث کیا گیا ہے۔ فیڈریشن کے مطابق یہ فیصلہ ’ شفافیت، آئینی پاسداری، اور تنظیمی سالمیت’ کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا۔
سلمان بٹ کے خلاف یہ کارروائی ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب فیڈریشن ارشد ندیم کی حالیہ کارکردگی میں نمایاں کمی کی وجوہات جاننے کی کوشش کر رہی ہے۔ ارشد نے گزشتہ ماہ ٹوکیو میں منعقدہ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے نیزہ پھینکنے کے فائنل میں دسویں پوزیشن حاصل کی تھی۔
سلمان بٹ نے فیڈریشن کو اپنے جواب میں کہا کہ جاپان کے گرم و مرطوب موسم اور پنڈلی کے درد کے باعث ارشد اپنی بہترین کارکردگی پیش نہیں کر سکے۔
فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز (جس کی کاپی ڈان نیوز کے پاس موجود ہے) کے مطابق، 10 اکتوبر کو صدر وجاہت حسین ساہی کی زیر صدارت ہونے والے ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں متعدد اہم انتظامی و تادیبی فیصلے کیے گئے تاکہ شفافیت اور آئینی عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔