صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان سمندری ماحولیاتی نظام کے تحفظ کیلئے پُرعزم ہے، سمندری آلودگی پاکستان کے لیے باعثِ تشویش امر ہے ، سمندری آلودگی سے آبی حیات متاثر ہو رہی ہیں۔
صدر آصف علی زرداری سے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کے سیکرٹری جنرل نے ملاقات کی، ملاقات میں صدر مملکت نے سمندری ماحولیاتی نظام، ساحلی علاقوں کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ سمندری آلودگی سے ماہی گیری کے شعبے کی نمو میں کمی ہو رہی ہے، بلیو اکانومی پر توجہ دینا پاکستان کی ترقیاتی حکمت عملی کا اہم جزو ہے ، پاکستان ماہی گیری ، شپ بریکنگ کے شعبوں کو جدید بنانے کا خواہاں ہے۔
صدرمملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے مؤثر اقدامات کر رہا ہے، پاکستان سمندری ماحولیاتی نظام کی بہتری کیلئے آئی ایم او کی معاونت کا خیرمقدم کرے گا۔