سپریم کورٹ نے تاحیات نااہلی کے معاملے پر عدالتی فیصلے اور الیکشن ایکٹ کی ترامیم میں تضاد پر نوٹس لیتے ہوئے اٹارنی جنرل اور تمام صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹس جاری کردیئے، چیف جسٹس نے کہا ہے کہ پاکستان کی تباہی کرنے والے کو دوبارہ سیاست میں آنا ہی نہیں چاہیے مگر اس کی نااہلی بھی پانچ سال ہے۔
جمعیت علمائے اسلام ف کے ایم پی اے میر بادشاہ قیصرانی کو جعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار دیے جانے کے معاملے کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ اس دوران سپریم کورٹ نے تاحیات نااہلی سے متعلق یہ نوٹس لیا۔ تاحیات نااہلی کی مدت کے تعین کے معاملے کو سپریم کورٹ نے لارجز بنچ کے سامنے مقرر کرنے کیلئے ججز کمیٹی کو معاملہ ارسال کردیا ہے۔
سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ کیس کی سماعت جنوری میں ہوگی لیکن موجودہ کیس کو انتخابات میں تاخیر کے آلہ کار کے طور پر استعمال نہیں کیا جائےگا، موجودہ کیس کا نوٹس دو انگریزی کے بڑے اخبارات میں شائع کیا جائے۔