گورنر ہاؤس خیبر پختونخوا کو گنڈا پور کا استعفیٰ موصول، فوری منظوری سے معذرت – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

گورنر ہاؤس خیبر پختونخوا کو گنڈا پور کا استعفیٰ موصول، فوری منظوری سے معذرت

گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق کردی جب انہوں نے فوری منظوری سے معذرت کرلی۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو آج علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ موصول ہوگیا جسے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے انسداد بدعنوانی بریگیڈیئر (ر)مصدق عباسی گورنر ہاؤس لے کرگئے۔

 

مصدق عباسی نے علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ گورنر ہاؤس کے کیئرٹیکر کے حوالے کیا اور کیئر ٹیکر نے استعفیٰ وصول کرکے رسید بھی دی جب کہ استعفے کی وصولی کی رسید پر ڈھائی بجے دوپہر کا وقت درج ہے۔

دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ آج ڈھائی بجے وزیرا علیٰ کا ہاتھ سے لکھا استعفی موصول ہوا ہے جس پر 11 اکتوبر کی تاریخ درج ہے، استعفے کی جانچ پڑتال اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اس پر باقاعدہ عملدرآمد ہوگا۔

علاوہ ازیں ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا نے فوری طور پر علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور کرنے سے معذرت کرلی، استعفیٰ پر گورنر ہاؤس نے ابتدائی قانونی کارروائی مکمل کر لی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ گورنر خیبر پختونخوا نے معاملے پر حتمی آئینی رائے اور مشاورت کے لیے پیر کو قانونی ٹیم کو طلب کرلیا،کل اتوار کے باعث گورنر ہاؤس کا قانونی عملہ دستیاب نہیں ہوگا، پیر کو استعفیٰ سے متعلق آئینی تقاضوں، ممکنہ پیچیدگیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.