جولائی تا نومبر کے دوران ترسیلات زر 10 فیصد گر گئیں – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

جولائی تا نومبر کے دوران ترسیلات زر 10 فیصد گر گئیں

رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران ترسیلات زر میں 10.3 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 7.3 فیصد سکڑی تھیں۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار ایسے وقت میں مایوس کن ہیں، جب حکومت تجارتی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو کم کرنے کے ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

مالی سال 2024 میں جولائی تا نومبر کے دوران کُل 11 ارب 4 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے ترسیلات زر موصول ہوئیں، جو گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران 12 ارب 31 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں، یہ ایک ارب 27 کروڑ ڈالر کمی ہے۔

حکومت آئی ایم ایف معاہدے کے تحت 70 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط کے اجرا کی منظوری کا انتظار کر رہی ہے، ایسے میں ترسیلات زر کی مد میں ایک کروڑ 30 کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق نومبر 2023 کے دوران ماہانہ بنیادوں پر ترسیلات زر میں 8.6 فیصد کمی اور سالانہ بنیادوں پر 3.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، نومبر 2023 میں کل 2 ارب 25 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں جبکہ اس کے برعکس نومبر 2022 میں یہ 2 ارب 17 کروڑ ڈالر اور اکتوبر 2023 میں 2 ارب 46 کروڑ ڈالر رہی تھیں۔

یہ بات حیران کن ہے کہ پاکستان سے بڑی تعداد میں لوگ بیرون ممالک جا رہے ہیں اور حکومت کو پاسپورٹ کی طلب پوری کرنے میں مشکلات درپیش ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.