اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (COP28) میں امریکا، چین اور ترکیہ نے غزہ کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تنازع کے فوری اور پُر امن حل کی ضرورت پر زور دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کی میزبانی میں منعقد کردہ اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (COP28) میں جہاں دنیا کو موسمیاتی تغیرات کی وجہ سے درپیش مسائل پر گفتگو ہوئی وہیں غزہ کی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے فلسطین میں بدامنی کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کام کرنے والے تمام فریقوں کے درمیان مربوط رابطے کی ضرورت کا اعادہ کیا اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر تشدد پر اسرائیل پر تنقید کی۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے امریکا کے برخلاف مؤقف اپنایا کہ جنگ میں وقفوں کے بجائے غزہ میں اولین ترجیح مستقل بنیادوں پر جنگ بندی ہونا چاہیے۔
چین کے وزیر خارجہ نے امریکا کا نام لیے بغیر کہا کہ بڑے ممالک کو غیر جانبدار رہتے ہوئے معروضی حقائق کو مدنظر اور انصاف سے کام لینا چاہیے۔
وانگ ایی نے کہا کہ فریقین کو پُرسکون اور سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صورت حال کو نارمل کرنا ہوگا تاکہ بڑے پیمانے پر انسانی المیے کو ختم کیا جا سکے۔