پاکستان کوسٹ گارڈ اور پاک نیوی نے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے جیونی میں چھپائی گئی 1050کلو چرس اور200کلو آئس برآمد کرلی
گوادر (این این آئی)پاکستان کوسٹ گارڈز اور پاک نیوی کی بلوچستان میں منشیات اسمگلنگ کیخلاف بڑی کارروائی،جیونی میں چھپائی گئی 1050 کلو چرس اور 200 کلوگرام میتھ (آئس) ضبط کر لی،ضبط شدہ منشیات کی عالمی منڈی میں مالیت تقریباً 110 ملین امریکی ڈالر ہے،تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز اور پاک بحریہ نے بلوچستان کے ساحلی علاقے جیونی میں مشترکہ انٹیلی جنس کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران پہاڑی علاقے میں خفیہ طور پر چھپائی گئی بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی گئیں۔ترجمان کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز اور پاک نیوی کو خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ گوادر کی تحصیل جیونی کے پہاڑی علاقے میں منشیات کی بڑی کھیپ چھپا کر رکھی گئی ہے جسے بعد ازاں سمندری راستے سے بیرونِ ملک اسمگل کیا جانا تھا۔ اطلاعات کی بنیاد پر دونوں اداروں نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔کارروائی کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے پہاڑوں میں چھپائی گئی 1050 کلوگرام چرس اور 200 کلوگرام میتھامفیٹامین (آئس) برآمد کر لی۔ حکام کے مطابق برآمد ہونے والی منشیات کی عالمی منڈی میں مجموعی مالیت تقریباً 110 ملین امریکی ڈالر بتائی جا رہی ہے۔