رمضان المبارک قریب آتے ہی اشیاءخوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

رمضان المبارک قریب آتے ہی اشیاءخوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

کوئٹہ (آن لائن )صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں رمضان المبارک قریب آتے ہی اشیاءخوردونوش سمیت دیگر ضروریات زندگی کی چیزوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں عام آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہو گیا سبزیاں، دالیں،گھی،آٹامنہ مانگے داموں فروخت ہونے لگا پرائس کنٹرول کمیٹی اور انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہورہی اور تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے ۔ لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے جو محکمے بنائے گئے ہیں وہ صرف اپنے آپ کو سہولیات دینے میں مصروف ہیں اپنی ذمہ داری نبھانے کی بجائے گراں فروشوں ، ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ گٹھ جوڑ کرکے چپ سادھ رکھی ہے جنگل کا قانون رائج ہوچکا ہے کوئی پوچھنے والا حالیہ مہنگائی کی لہر نے عام آد می کو شدید متاثر کر دیا۔ روٹی کی قیمتی بڑھانے کے باوجود نان بائی کم وزن پر فروخت کررہے ہیں دکاندار ، ریڑھی بانوں نے اپنی مرضی کے ریٹ مقرر کر کے سبزیاں، آٹا،دالیں،گھی،گوشت ، دودھ کے منہ مانگے دام وصول کرنے میں مصروف ہیں کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کا فی تھیلا2840سے بڑھا کر2940 روپے کردیا ہے ۔پیاز 5 کلو 1200 روپے، و کدو90 سے 100روپے، بھنڈی 350 سے 360 روپے، کھیرا 100 روپے، بند گوبھی 150، مٹر 170 سے 200 روپے، ٹماٹر 100 سے 150روپے، گاجر 50 روپے، پھول گوبھی 150 سے 180روپے، فرازبین 200 روپے فی کلو ، مرغی کا گوشت 700 روپے فی کلو، بڑا گوشت 1200 روپے فی کلو، بکرے کا گوشت 2000 سے 2200 روپے فی کلو،دودھ 200 روپے، دہی 220 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے رمضان المبارک کا آمد آمد ہے لیکن عوام مہنگائی کا عذاب برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔آئے روز روزمرہ کی چیزوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور پہلے ہی مشکلات کا شکار عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔پرائس کنٹرول اور انتظامیہ کو چاہئے کہ قیمتوں کا تعین کرکے دکانداروں کو نرخنامہ دکان میں واضح جگہ پر آویزاں اور مقرر کردہ نرخ پر اشیاءخوردونوش ، سبزیاں و دیگر روز مرہ کی چیزوں کی فروخت یقینی بنائی جائے تاکہ لوگ سکھ کا سانس لے سکیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.