آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے ٹکٹوں کے لیے شائقین کی غیر معمولی دلچسپی سامنے آگئی، ٹکٹ بیلٹ کھلنے کے صرف تین دن میں 10 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوگئیں۔
آئی سی سی کے مطابق سب سے زیادہ طلب پاکستان اور بھارت کے درمیان 10 اکتوبر کو جوہانسبرگ میں شیڈول میچ کے لیے ہے۔ جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے میچز کے لیے 3 لاکھ 20 ہزار سے زائد شائقین پہلے ہی رجسٹریشن کراچکے ہیں۔
پاک بھارت میچ کے لیے ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد ٹکٹ درخواستیں موصول ہوئی ہیں جبکہ 7 نومبر کو شیڈول پاک بھارت سپر 7 مرحلے کے ممکنہ مقابلے کے لیے بھی 78 ہزار درخواستیں جمع ہوچکی ہیں۔
آئی سی سی نے شائقین کے لیے ٹکٹ بیلٹ کا نظام متعارف کرایا ہے، جس کے تحت رجسٹریشن مفت ہے اور ٹکٹ کی رقم رجسٹریشن کے وقت ادا نہیں کرنا ہوگی، یہ نظام پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر نہیں بلکہ قرعہ اندازی کے ذریعے کام کرے گا۔
شائقین اپنی پسند کے جتنے میچز چاہیں ان کے لیے الگ الگ درخواست دے سکتے ہیں اور فی میچ زیادہ سے زیادہ چار ٹکٹوں کی درخواست کی جاسکتی ہے۔
اگر کسی میچ کے لیے طلب دستیاب ٹکٹوں سے زیادہ ہوئی تو قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب درخواست گزاروں کا انتخاب کیا جائے گا جنہیں بعد میں ٹکٹ خریدنے کے لیے ای میل کے ذریعے اطلاع دی جائے گی۔
ٹکٹ بیلٹ میں رجسٹریشن 21 نومبر 2026 کی رات 11 بج کر 59 منٹ تک جاری رہے گی، آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ بیلٹ میں درخواست جمع کرانا ٹکٹ ملنے کی ضمانت نہیں ہے۔
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں 2 اکتوبر سے 21 نومبر 2027 تک کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں 14 ٹیمیں، 12 وینیوز اور 57 میچز ہوں گے۔ یہ 2003 کے بعد پہلی مرتبہ ہوگا کہ مینز ون ڈے ورلڈ کپ افریقی سرزمین پر واپس آئے گا، جبکہ نمیبیا پہلی مرتبہ سینئر مینز ورلڈ کپ کے میچز کی میزبانی کرے گا۔
رائٹرز کے مطابق ورلڈ کپ کا باقاعدہ مین مرحلہ 7 اکتوبر کو کیپ ٹاؤن میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت کے مقابلے سے شروع ہوگا جبکہ پاکستان اور بھارت کا روایتی مقابلہ 10 اکتوبر کو جوہانسبرگ کے وانڈررز اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
2027 ورلڈ کپ میں 14 ٹیمیں تین مراحل میں مقابلہ کریں گی۔ پہلے مرحلے میں تین ٹیموں کی سپر سیریز ہوگی، جس کی فاتح ٹیم گروپ مرحلے میں پہنچے گی۔
اس کے بعد 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر گروپ کی ٹاپ تین ٹیمیں جبکہ دونوں گروپس میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی بہترین ٹیم سپر 7 مرحلے میں جگہ بنائے گی۔
سپر 7 میں ساتوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلیں گی اور ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی، سیمی فائنلز 17 اور 18 نومبر کو جبکہ فائنل 21 نومبر 2027 کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔
ٹکٹوں کی ابتدائی قیمتیں تقریباً 9.50 امریکی ڈالر سے شروع ہوں گی جبکہ مہنگے ترین ٹکٹ تقریباً 30 امریکی ڈالر تک ہوں گے۔ آئی سی سی نے فیملی، طلبہ، پنشنرز اور مقامی کمیونٹی کے لیے بھی مختلف رعایتی آپشنز رکھے ہیں۔